صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد سے اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے وفد کی  ملاقات ،صحت سہولت کارڈکے ذریعے پنجاب کی عوام کو مزیدسہولت فراہم کرنے بارے تبادلہ خیال

16

لاہور،27اگست ( اے پی پی ):  صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد سے  اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے وفد نے ہفتہ کو یہاں محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں ملاقات کی ہے، ملاقات میں صوبائی وزیر اور چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی شعیب جاوید کے درمیان صحت سہولت کارڈکے ذریعے پنجاب کی عوام کو مزیدسہولت فراہم کرنے بارے تبادلہ خیال ہوا جبکہ صحت سہولت کارڈپر منتخب سرکاری و نجی ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کاجائزہ لیاگیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنےاظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کے وفد سے ملاقات کا بنیادی مقصدپنجاب کی عوام کو صحت سہولت کارڈ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرناہے، پنجاب کے 3کروڑ11لاکھ خاندان صحت سہولت کارڈحاصل کرکے آج بھی عمران خان کو دعائیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منتخب سرکاری ونجی ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کاجائزہ لینے کیلئے انسپکشن کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے، پنجاب کی عوام کو صحت سہولت کارڈکے ذریعے علاج کی مفت سہولت فراہم کی جارہی ہیں  جبکہ صحت سہولت  کارڈکیلئے809سرکاری و نجی ہسپتالوں کو منتخب کیاجاچکاہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں ابھی تک تقریبا20لاکھ سے زیادہ افرادصحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج کی سہولت حاصل کرچکے ہیں، ابھی تک عوام صحت سہولت کارڈکے ذریعے 43ارب روپے سے زائدکے مفت علاج کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے809سرکاری ونجی منتخب ہسپتالوں میں 83ہزارسے زائد بستروں میں اضافہ ہواہے۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کی عوام سے صحت سہولت کارڈسے مفت علاج کی سہولت حاصل کرنے کیلئے شناختی کارڈبنوانے کی اپیل کرتے ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ بھی موجود  تھے جبکہ ملاقات میں اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کی جانب سے چیئرمین شعیب جاوید، ایگزیکٹوڈائریکٹرمنصورعلی شیخ،ڈویژنل ہیڈ اشرف بھٹی،پروگرام مینجرمحمد اشعر اور ریجنل چیف لاہور ڈاکٹرنور  سپیشل سیکرٹری محمد عثمان،سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی ڈاکٹرعلی رزاق،شمشادعلی خان،میاں منیب،ڈاکٹرحسین جعفری اورحسنات احمدنے شرکت کی۔