ضلع وہاڑی میں سکول کونسل کے انتخابات کا انعقاد

51

وہاڑی،18 اگست (اے پی پی):ضلع وہاڑی میں سکول کونسل کے انتخابات میں ووٹنگ کا عمل جاری طلباء و طالبات اپنے منتخب نمائندوں کو کامیاب کروانے میں کوشاں ہیں۔جنوبی پنجاب کی طرح وہاڑی  کے سرکاری تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کو فیصلہ سازی، مشاورت، انتظامی معاملات پر دسترس، جمہوری اقدار سے متعارف کرانے اور ہم نصابی سرگرمیوں میں عملی شرکت یقینی بنانے کے لیے سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات  منعقد کیے جا رہے ہیں۔سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات میں صدر، نائب صدر اور جنرل سیکرٹری اور کلاس نمائندگان منتخب کیے جائیں گے۔

ان انتخابات کا انعقاد مقرر کیے گئے الیکشن کمشنرز کی نگرانی میں کیا جارہا ہے وہاڑی کے تمام  ہائر سیکنڈری ایلیمنٹری تعلیمی اداروں کی طرح گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول 87 ڈبلیو بی، گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول ، گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول ، گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول سمیت دیگر سکولز میں کونسل کے انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن ملک عبدالحمید نے کہا کہ ان انتخابات کا مقصد طلباء  میں خود اعتمادی،قائدانہ صلاحتوں کو اجاگر کرنا اور جمہوری طریقہ کار سے آگاہی فراہم کرنا ہے،الیکشن میں منتخب ہونےوالےطلباء و طالبات ساتھی طلباء  کی نمائندگی کریں گےاور کونسلز کا کام بزم آدب ،سپورٹس ،تقریری مقابلے  فیصلہ سازی، کتب بینی کے فروغ مضمون نویسی سمیت دیگر سرکاری تقریبات کو بھرپور طریقے سے منانے کی ترغیب دینا ہوگا اس کے علاوہ منتخب نمائندوں کی یہ ڈیوٹی ہوگی کہ وہ ساتھی طلباء کے اندر بہترین نظم و ضبط کاکردگی، طرز عمل اور کردار کی نمائش کے لیے رول ماڈل بنانا شامل ہوگا   منتخب نمائندے ایک سال کے لیے کونسل کی نمائندگی کریں گے۔سکول کونسل انتخابات سے طلباء و طالبات میں جہاں خود اعتمادی پیدا ہوگی وہاں انہیں جمہوری طرز عمل کو سمجھنے میں بھی آسانی ہوگی۔