فیصل آباد، 08 اگست (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان پیر کی سہ پہر لسبیلہ ہیلی کاپٹر سانحہ میں دیگر فوجی افسران کے ہمراہ جام شہادت نوش کرنیوالے بریگیڈیئر محمد خالد کی رہائش گاہ گئے اورشہید کے بھائی محمد فیصل و خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات و اظہار افسوس کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ وہ بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی فیملی کے ساتھ تعزیت کیلئے آئے ہیں جوسیلاب متاثرین اوردکھی انسانیت کی خدمت میں کوشاں تھے۔انہوں نے کہا کہ شہید کے بھائی فیصل نے بتایاکہ ان کے بھائی ہمیشہ شہادت کی خواہش کرتے تھے کیونکہ وہ کہتے تھے کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے اورقرآن پاک میں بھی شہید کو زندہ کہا گیا ہے۔











