لاہور؛صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال کی زیرِ صدارت ہاؤسنگ سکیموں پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ اجلاس

9

لاہور، 30 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ریٹائرمنٹ پر سرکاری ملازمین کو گھر یا پلاٹ فراہم کرنے کی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے ہاؤسنگ کالونی کے قیام کے لیے جڑانوالہ کے چک نمبر 33 گ ب میں فاؤنڈیشن کو 3076 کنال اراضی کی منتقلی اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے بزنس ماڈل کو نئے سرے سے ڈیزائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریٹائرمنٹ پر پلاٹ حاصل کرنے والے سرکاری ملازمین کو مکانات کی تعمیر کے لیے بینک سے قرض کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ فاٹا کی پرائیویٹ اور ہاؤسنگ سکیموں میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو پلاٹوں کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریٹائرمنٹ پر سرکاری ملازمین کو دیے جانے والے پلاٹوں کی خرید و فروخت کی روک تھام کا بھی جائزہ لیا جائے اور ضرورت پڑنے پر ایکٹ میں ترامیم کی جائیں۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو مکانات یا پلاٹ فراہم کرنے کی سکیموں کے بارے میں حتمی سفارشات تیار کر کے منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کو بھیجی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ریٹائرڈ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ایم ڈی پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے سکیموں پر عملدرآمد کے بارے میں آگاہ کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہریار سلطان، سیکرٹری ہاؤسنگ شکیل احمد، سی ای او اربن یونٹ اور فاؤنڈیشن کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔