عالمی بنک کے تعاون سے محکمہ بلدیات کا پنجاب سٹیز پروگرام 16 چھوٹے شہروں میں شروع کیا گیا ہے ؛وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید

5

لاہور،30اگست(اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے مقامی ہوٹل میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بنک کے تعاون سے محکمہ بلدیات کا پنجاب سٹیز پروگرام 16 چھوٹے شہروں میں شروع کیا گیا ہے ۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ منتخب 16 تحصیلوں میں واٹر سپلائی،  سیوریج، ویسٹ مینجمنٹ، سڑکوں و پارکوں کی تعمیر اور سٹریٹ لائٹس کی فراہمی منصوبے کا اہم حصہ ہیں،یہ عوامی منصوبہ غیر ضروری تاخیر کا شکار ہوا ہے لیکن اب کام تیز کریں گے ۔

 وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے منصوبے کے اہداف کے  بروقت حصول کے لیے مانیٹرنگ اور فیسیلیٹیشن کمیٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب سٹیز پروگرام والے شہروں میں ایک سال تک بلدیاتی افسران کا تبادلہ نہیں کیا جائے گا، منصوبے کی کامیابی کے لیے جامع اور بھر پور آگاہی مہم بھی چلائیں گے ۔ وزیر اعلی پنجاب سے  جلد مل کر میونسپل کمیٹیوں کی میچنگ گرانٹ  اور اراضی کی منتقلی کا مسئلہ حل کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ تک بلدیاتی اداروں کی خالی آسامیوں پر بھرتی مکمل کریں گے۔

 ایم این اے ریاض فتیانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی کامیابی کے لیے کیپسٹی بلڈنگ اور عوام کی شرکت بہت ضروری ہے۔ ایم این اے شوکت بھٹی نے کہا کہ منتخب شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کی پائدار منصوبہ بندی ضروری ہے۔

 پروگرام کوآرڈینیٹر اشرف سوہنا نے کہا کہ پروگرام پر چار سال میں صرف ساڑھے سات فیصد فنڈز خرچ کیے گئے ہیں۔ سیکریٹری بلدیات کے دفتر میں پروگرام کے لیے سپیشل ڈیسک قائم کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات میاں محمودالرشید پراجیکٹ کے ہر شہر کا دورہ کریں گے۔

 قبل ازیں متعلقہ افسران اور کنسلٹنٹ اداروں نے اپنے اپنے شعبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، بلدیاتی اداروں کے افسران اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے کانفرنس میں شرکت کی۔