لاہور، 25 اگست ( اے پی پی ): وزیر جنگلات عباس علی شاہ نے چڑیا گھر کا اچانک دورہ کیا۔وزیر جنگلات نے جانوروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور جانوروں کی خوراک و سیکورٹی سے متعلقہ امور بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کی صحت اور معاون ماحول فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے، بیمار جانوروں کی فوری طبی امداد میں غفلت نہ برتی جائے۔
وزیر جنگلات نے زو مینجمنٹ کمیٹی کے غیر فعال کردار پر اظہار تشویش کا اظہار کیا اور جانوروں کی بریڈنگ پر توجہ نہ دینے سے متعلقہ حکام کی سرزنش کی اور کہا کہ چڑیا گھر میں فی میل ٹائیگرز اور شیرنیوں کی تعداد بڑھائی جائے، اتوار کو طلباء کی ٹکٹ فری قرار دیا جائے جبکہ جانوروں کی کفالت کے حوالے سے اداروں اور افراد میں آگاہی پیدا کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر کی آن لائن ٹکٹ کے حصول کیلئے پورٹل بنایا جائے،شجرکاری سے آگاہی کیلئے چڑیا گھر میں سٹالز کا اہتمام کیا جائے،چڑیا گھر کی صفائی کا نظام مزید موثر کیا جائے اور چڑیا گھر کا وزٹر فرینڈلی ماڈرن زو سٹرکچر بنایا جائے۔











