ملتان، 08 اگست (اے پی پی ):مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب عامر سعید راں نے اپنے دورہ ملتان کے دوران 9 محرم الحرام کے جلوسوں کا معائنہ کیا اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مشیر وزیر اعلیٰ عامر سعید راں نے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا اور لائسنسداران و انتظامیہ سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب عامر سعید راں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے محرم الحرام پر سکیورٹی کے مثالی اقدامات کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور سول سوسائٹی کے تعاون سے امن مشن کامیاب ہوگا، شرپسندی اور انتہاء پسندی کو عزم سے شکست دینگے ۔
مشیر وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ 9 محرم الحرام کے تمام جلوس پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوچکے ہیں، امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے ہر مکتب فکر نے شرپسندی کی حوصلہ شکنی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 10 محرم الحرام کے موقع پر بھی مثالی امن و امان کی فضاء قائم رکھی جائے گی۔











