لاہور،31اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات پوری دنیامیں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں، میڈیکل یونیورسٹیزمیں طلبا ء طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیاجا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے محکمہ سپیشلائز ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی کارکردگی کاتفصیلی جائزہ لیا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکو بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سیکرٹری صحت عمران سکندر بلوچ کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کیلئے اکیڈمک کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کیلئے ایک اکیڈمک کونسل تشکیل دی جارہی ہے جبکہ میڈیکل یونیورسٹیز میں ریسرچ کا معیار بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز کیلئے بین الاقوامی گرانٹس کی بھی کوشش کررہے ہیں۔
اجلاس میں پنجاب کی تمام میڈیکل یونیورسٹیز میں جدید تحقیق کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ اکیڈمک کمیٹی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں مزید بہتری کیلئے تجاویز پیش کرے گی۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندر بلوچ ،سپیشل سیکرٹری محمد عثمان، ایڈیشنل سیکرٹریز شاہدہ فرخ اور حافظ ڈاکٹر شاہد لطیف، وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر احسن وحیدراٹھور ،ڈاکٹراسد ظہیر، میاں زاہد الرحمن ودیگرافسران نے شرکت کی۔











