پاکستان کا قیام تاریخ کا اہم واقعہ، ڈائمنڈ جوبلی منانا ہمارے لئے باعث فخر ہے ؛ پروفیسرڈاکٹرحمیدرضاصدیقی

1

ملتان،10 اگست(اے پی پی ): نامورماہر تعلیم اوردانشور پروفیسرڈاکٹرحمیدرضاصدیقی نے کہا کہ پاکستان کے قیام کو 75 سال پورے ہورہے ہیں اور یہ اس لحاظ سے ہمارے لیے باعث اعزاز ہے کہ ہم اپنی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں،  درحقیقت پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے اور پاکستان پہلی ریاست ہے جو دنیا میں مذہب کے نام پر قائم کی گئی اور دو قومی نظریہ اس کی بنیاد بنا اور جسے قائم کرنے کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ ہم ایسی مملکت حاصل کرنے میں کامیاب ہوں جہاں مسلمانوں کا استحصال نہ ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسرڈاکٹرحمیدرضاصدیقی  نے  قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پر ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے اپنے پیغام میں  کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری فلاحی ریاست کا قیام وہ مقصد تھا جس کے لیے حضرت قائد اعظم کی قیادت میں ہم نے جدوجہد کی ، اس جدوجہد میں تمام لوگ شریک تھے۔

پروفیسرڈاکٹرحمیدرضاصدیق نے کہا کہ  حضرت قائد اعظم کی قیادت ایسی تھی جو سب کے لیے قابل قبول اور قابل اعتماد تھی اس لیے کہ ان کے ظاہر اور باطن میں، ان کے قرارداد میں، ان کے عمل میں، ان کی سوچ میں کوئی فرق نہیں تھا نتیجہ یہ ہوا کہ جو تصور پیش کیا گیا تھا کہ برصغیر کو تقسیم کر دیا جائے وہ اس میں کامیاب ہوئے اور یہ تصور مختلف لوگوں نے پیش کیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ آزادی کی نعمت سے ہم مستفید ہو رہے ہیں  ، ہمیں   تمام سہولیات میسر ہیں۔انہوں نے کہاکہ  آزادی   میں  ہم نے بڑی قربانیاں دی  ہیں ، دس لاکھ سے پندرہ لاکھ افراد نے جانیں دیں  اور   ایک کروڑ سے زیادہ لوگوں نے ہجرت کی جبکہ   کروڑوں   اپنی   جائیدادیں چھوڑ کر آئے ۔