وفاقی ٹیکس محتسب  آصف محمود جاہ کا ٹیکس دہندگان کی شکایات کے ازالے کے لئے عوامی سہولت مرکز ڈیسک کا افتتاح

4

اسلام آباد،10اگست (اے پی پی): وفاقی ٹیکس محتسب آصف محمود جاہ نے ٹیکس دہندگان کی شکایات کے ازالے کے لئے عوامی سہولت مرکز ڈیسک کا افتتاح کردیا۔

بدھ کو وفاقی ٹیکس محتسب ہیڈکوارٹرز میں عوامی سہولت مرکز ڈیسک کی افتتاحی تقریب  کے موقع پر صحافیوں کو بریفنگ دیتےہوئے ا آصف محمود جاہ  نے کہا کہ ٹیکس محتسب آفس کو عوامی مسائل کے حل کا مرکز بنانے  کی کوشش کر رہے ہیں،ایف ٹی او ٹیکس  پیئر کے تحفظ فراہم کرنے والا ادارہ ہے، مختلف چیمبرز کی گواہی اس بات کی تصدیق ہے ٹیکس  دہندگان کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ  ماہ کے دوران  3ہزار سے زائد سے شکایات کا اندراج ہوا جن میں سے 28سو سے زائد شکایات کا ازالہ کیا  گیا۔انہوں نے کہاکہ تنخواہ دار طبقے جو ٹیکس دائرہ میں نہیں ان سے ٹیکس ختم کرایا  گیا جس کی صدر مملکت نے منظوری دی۔

آصف محمود جاہ  کا کہنا تھا کہ  گاڑیوں پر کسٹمرز کو ٹیکس ریفنڈ ادائیگیاں شروع ہو گئی ہیں، وفاقی ٹیکس محتسب میں ٹیکس دہندگان کے مسائل 60 دنوں میں حل کیے جاتے ہیں۔محتسب نے کہاکہ وفاقی ٹیکس محتسب میں ادارہ جاتی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ  ساڑھے تین ہزار ٹیکس دہندگان نے گاڑیوں پر ٹیکس ریفنڈ کی شکایات درج کرائی تھیں، پہلے مرحلے میں سو سے زائد ٹیکس دہندگان کو گاڑیوں پر ٹیکس ریفنڈ ادائیگیاں ہو چکی ہیں۔