کمانڈرعراقی بحریہ لیفٹیننٹ جنرل احمدجاسم معارج عبداللہ الزیدکانیول ہیڈکوارٹرزکا دورہ، نیول چیف محمد امجد خان نیازی سےملاقات کی

5

اسلام آباد، 10 اگست (اے پی پی):کمانڈر عراقی بحریہ لیفٹیننٹ جنرل احمد جاسم معارج عبداللہ الزید نے بدھ کو  یہاں   نیول ہیڈ کوارٹرز  کا دورہ کیا۔نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور انہیں روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق  دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ معزز مہمان کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعدادکار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کمانڈر عراقی بحریہ نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈرعراقی بحریہ کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔