کوہلو؛ ایف سی نارتھ میوند رائفل کی جانب سے گیسٹرو پھیلنے کے پیش نظر ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

3

کوہلو ، 06 اگست (اے پی پی ):  سب تحصیل تمبو میں ایف سی نارتھ میوند رائفل کی جانب سے گیسٹرو پھیلنے کے پیش نظر ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیاجہاں ایف سی بلوچستان کے ماہرمرد وخواتین طبی عملہ نے سینکڑوں افراد کا نہ صرف علاج کیا بلکہ مفت ادویات بھی فراہم کئے۔

 فری میڈیکل کیمپ میں تمبو،کوٹے شہر،ٹکیل،رہزن شہر،مست توکلی،بھرگڑ پوادی ودیگر دوردراز علاقوں سے مجموعی طور پر 350 سے زائد مردوخواتین اور بچوں نے مفت طبی سہولیات حاصل کی۔فری میڈیکل کیمپ میں ہیپاٹائٹس،ایڈز،ملیریا،شوگر اور حمل کے ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ کئے گئے۔

عوامی حلقوں نے آئی جی ایف سی نارتھ،کمانڈنٹ میوند رائفل کی جانب سے شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کو خوب سراہا اور فری میڈیکل کیمپ کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

تمبو میں منعقد کئے جانے والے فری میڈیکل کیمپ میں ایف سی میوند رائفل کے کیپٹن ڈاکٹر فہد فاروق اشرف، ڈاکٹر عطا ء اللہ مری،ڈاکٹر خالد مری اورپی پی ایچ آئی کے اعظم مری  سمیت ایف سی کے ماہر طبی عملہ نے میڈیکل کیمپ میں آنے والے سینکڑوں مریضوں کا مفت طبی چیک اپ کیا اور ادویات فراہم کئے۔

واضح رہے کہ ایف سی میوند رائفل کی جانب سے دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ تسلسل سے منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ صحت کی سہولیات سے محروم افراد کو طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جاسکیں۔