کوئٹہ۔ 2 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی منظوری دینے کا اعلان کرتے ہوۓ محکمہ تعلیم کو اس حوالے سے سمری فوری طور پر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جی ٹی اے (آئینی )کے نمائندہ وفد سے یہاں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اساتذہ ہمارے قوم کے معمار ہیں اور ہم ہر سطح پر اپنے اساتذہ کے ساتھ کھڑے ہیں احتجاج دھرنوں مظاہروں اور ہڑتالوں کی بجائے متعلقہ فورم سے رابطہ کیا جائے تاکہ مسائل کی بہتر شنوائی ہو سکے اور سروس اسٹرکچر ، اپ گریڈیشن اور دیگر مسائل احسن انداز سے حل ہو سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے جی ٹی اے کے مطالبات کی سمری میں تاخیر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جی ٹی اے کمیٹی کے مطالبات کی سمری منگوائی ہے اور اس میں تاخیر کا جائزہ بھی لے رہے ہیں اگر کہیں پر متعلقہ سمری میں غیر ضروری تاخیر کا مظاہر ہ کیا گیاہے تو ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے گی وزیراعلی نے کہا کہ ہماری موجودہ نسل کا مستقبل ہماری اساتذہ کے ساتھ جڑا ہے اور اساتذہ کی ایک دن کے ہڑتال سے طلباء کا بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے اور ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں اور اس امر کے قائل ہیں کہ ہڑتال مظاہرے اور دھرنوں کی بجائے مطالبات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے جی ٹی اے کمیٹی کے وفد میں شامل قادر رئیسانی،کلیم ریکی عزیز آغا اور حاجی فیض محمد نے مطالبات کی فوری منظوری اور مسائل کے حل پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے مطالبات کے حل سے یقیناَ اساتذہ کے مسائل حل ہونگے اور وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے تعلیم دوست اقدام کو بلوچستان کے اساتذہ اور عوام کی جانب سے سراہا جائے گا ملاقات میں صوبائی وزراء بھی موجود تھے۔











