اس وقت سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھنے اور مصیبت زدہ لوگوں کا ہاتھ تھامنے کی ضرورت ہے، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کی میڈیا سے گفتگو

12

اسلام آباد۔2ستمبر  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ملک کو معاشی طور پر بہت نقصان پہنچایا ہے، عمران خان دوسروں پر سازش کرنے کا الزام لگاتے ہیں، وہ خود بتائیں کہ ملک کے ساتھ کیا کرنا چاہ رہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ رکوانے کی پوری کوشش کی گئی، اس وقت سیلاب متاثرین کا ہاتھ تھامنے کی ضرورت ہے، عمران خان نے ان کیلئے تو ایک لفظ نہیں بولا، آئی ایم ایف پروگرام سے زیادہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھانا ہماری بڑی کامیابی ہو گی، ملک اب صحیح سمت میں چل پڑا ہے، قطر اور متحدہ عرب امارات اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے، ہم نے درآمدات کم کی ہیں لیکن زرمبادلہ کے ذخائر کو کم نہیں ہونے دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لوگ بے سروسامان کھلے آسمان تلے عوام کی خدمت کرنے والوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، وفاقی، صوبائی حکومتیں اور دیگر ادارے متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، متاثرین کیلئے ایک ایک روپے کی ضرورت ہے، ایسے وقت میں عمران خان کہتے ہیں کہ میں چھوڑوں گا نہیں، وہ لوگوں کا نام لے کر انہیں دھمکیاں دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں نام لے لوں گا، عمران خان بتائیں وہ کس کا نام لیں گے اور سازش کس کو کہتے ہیں، ملک میں بجلی کی پیداوار کیلئے پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا، جب گیس سستی مل رہی تھی تو نہیں خریدی، ملک کو درست سمت میں نہیں ڈالا، گندم اور چینی برآمد کرکے پھر درآمد کر لی، کیا وہ ملک ریاض کا نام لیں گے جس سے 450 کنال زمین لے کر 250 ملین ڈالر دے دیئے یا عارف نقوی کا نام لیں گے جس سے 3 ملین ڈالر لے کر اسے اڑھائی ارب روپے کا فائدہ پہنچا دیا یا شہباز گل کا نام لیں گے جس نے بغاوت پر اکسایا۔