ایسے وقت جب لوگوں کے دکھ درد کا مداوا کرنے کی ضرورت ہے، عمران خان کے طرز عمل سے شدید مایوسی ہوئی ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کی میڈیا سے گفتگو

20

اسلام آباد۔2ستمبر  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نےجمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ ایسے وقت  جب  لوگوں کے دکھ درد کا مداوا کرنے کی ضرورت ہے، عمران خان کے طرز عمل سے شدید مایوسی ہوئی۔

مصدق ملک نے کہا کہ کل امید تھی کہ عمران خان سیلاب متاثرین کیلئے بات کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، امریکہ پر وہ سازش کا الزام لگاتے ہیں لیکن وہاں ڈیوٹ فینٹن کو لابسٹ رکھا ہوا ہے جو ایٹمی پروگرام کا مخالف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک سیلاب کی زد میں ہے، جب لوگوں کو امداد کی ضرورت ہے آپ اپنے صوبائی وزراء خزانہ سے کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف رکوانے کیلئے خط لکھو تاکہ پاکستان خدانخواستہ سری لنکا بن جائے، لوگ سیلاب کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، انہیں اشیاء خوردنی اور دیگر سہولیات کی ضرورت ہے، عمران خان بتائیں کہ آئی ایم ایف پروگرام منسوخ کرانے کیلئے خط کس کے خلاف سازش تھی، 2014ء میں چین کے صدر کے دورہ کو رکوانا، قطر کی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا، سعودی عرب، ملائیشیا اور ترکیہ کے خلاف بیانات کیا یہ ملک کے خلاف سازش نہیں تھی؟ پی ٹی آئی نے غیر ملکی کمپنیوں اور شہریوں سے فارن فنڈنگ لی، عمران خان کو کسی شہید کے گھر جانے کی تو توفیق نہیں ہوئی لیکن شہداء کے خلاف مہم چلائی گئی، عمران خان کو حکمرانی کا لالچ ہے اور وہ کہتے ہیں کہ اس ملک کا نقصان ہو جائے جس میں وہ حکمران نہ ہوں۔ مصدق ملک نے کہا کہ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف کا پروگرام آخری پروگرام ہو، آئی ایم ایف سے معاہدہ ایک کامیابی ہے لیکن آئی ایم ایف پروگرام کی نسبت ملک میں سرمایہ کاری بڑھانا ہماری بڑی کامیابی ہو گی، سری لنکا جیسی صورتحال سے ہم دور نہیں تھے لیکن اﷲ تعالیٰ نے کرم کیا ہے۔