بہاولنگر؛ دریائے ستلج میں سیلاب کی صورت حال کا جائزہ اجلاس

7

بہاولنگر، 15ستمبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت دریائے ستلج میں سیلاب کی صورت حال کا جائزہ اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار گجر اور  تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد وسیم نے  کہا کہ اس وقت تک دریائے ستلج  میں  مجموعی طور پر صورت حال نارمل ہے تاہم ضلعی انتظامیہ ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر پوری طرح الرٹ ہے، ضلع بہاولنگر میں انتظامیہ نے ممکنہ سیلاب سے نبرد آزما ہونے کے لیے ضلع کی تین تحصیلوں  منچن آباد ، بہاول نگر اور چشتیاں میں اسسٹنٹ کمشنرز ،ریسکیو 1122سمیت سول ڈیفبس ،لائیو سٹاک ، ہیلتھ ، محکمہ خوراک ، پولیس اور تمام ادارے کو چوکنا کردیا ہے اور دریائے ستلج میں پانی کی آمد اور اخراج کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر  نے ہدایت کی کہ محکمہ اریگیشن حفاظتی بندوں اور پشتوں کی مضبوطی و نگرانی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھے اور دریائی کٹاؤ کو بھی مسلسل مانیٹر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ  ریسکیو کے افسران نے   ہیومن ریسورس اور مشینری و آلات سمیت آپریشنل تیاریوں کے لیے  فرضی مشقیں مکمل کرلی ہیں اور  متعلقہ محکموں نے سیلاب کی صورت حال میں ہنگامی پلان بھی تیار کر لیے ہیں تاکہ کسی بھی فلڈ ایمرجنسی کی صورت میں بہتر اور احسن انداز میں ریسپانس کیا جاسکے۔