اوکاڑہ،09ستمبر(اے پی پی): نیوٹریشن انٹرنیشنل نےپنجاب فوڈاتھارٹی کے اشتراک سےخوردنی تیل کی فورٹیفیکیشن کےفوائد ، پاکستان میں وٹامن اے اور ڈی کی کمی،کھلے اورغیر صاف شدہ تیل کے استعمال اور صحت پراسکے منفی اثرات کے بارے میں مقامی ہوٹل میں آگاہی سیشن کا اہتمام کیاگیا۔
اس موقع پر فوڈفورٹیفیکییشن پروگرام کے زونل مینجر محمد عرفان نے فورٹیفیکیشن پروگرام کے فوائد اور کھلے یا غیرصاف شدہ تیل کے استعمال اور اس کے صحت پر منفی اثرات کے حوالہ سے شرکاء کو آگاہی دی اور کہا کہ پاکستان میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچوں کی آبادی مائیکرو نیوٹرینٹس کی کمی کا شکارہیں جس میں آئرن، وٹامن اے اور وٹامن ڈی سرِفہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غذائیت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے فورٹیفیکیشن ایک آسان اور قابلِ عمل طریقہ کار ہےجوکہ وٹامنز اورمنرلز کی موجودگی کو کم سے کم لاگت سے ممکن بناتا ہے اور یہ کہ لوگوں کی غذائی عادات کو تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ انہوں نے اس موقع پر موجود تاجرحضرات اورخوردنی تیل بنانے والی مل مالکان سے درخواست کی کہ وہ کھلے اور غیر صاف شدہ خوردنی تیل کی خریدوفروخت کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
زونل مینجر چوہدری تیمور عبداللہ نے اپنے خطاب میں نمک میں آیوڈین کی فورٹیفیکیشن اور اسکی افادیت کے بارے شرکاء کو آگاہی دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اپنے خطاب میں محکمے کی جانب سے کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کی خریدوفروخت کو روکنے کے لیے کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق آگاہی دی۔
اس موقع پر چوہدری فیاض ظفر (ڈائریکٹر سلویٰ گروپ آف کمپنیز) نے خطاب کرتے ہوۓ نیوٹریشن انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہا۔آگاہی سیشن میں آئل گھی ٹریڈرز،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور مقامی صحافیوں نے شرکت کی۔











