گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈبلاک کومقررہ وقت پر مکمل کریں گے؛ صوبائی وزیر ڈاکٹریاسمین راشد

20

لاہور،10ستمبر ( اے پی پی ): صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ   گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈبلاک کومقررہ وقت پر مکمل کریں گے،پنجاب میں آبادی کے اضافے کے باعث نئے اور بڑے سرکاری ہسپتال بنانابہت ضروری ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے  فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈ بلاک پرجاری پیش رفت کاجائزہ لیا۔پراجیکٹ ڈائریکٹرنے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکوگنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈبلاک کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے سیہون شریف میں سیلاب زدگان کوبہترطبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھجوائی گئی 25ڈاکٹرزکی ٹیم سے ملاقات بھی کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈچائلڈہسپتال بنائے جارہے ہیں، پنجا ب کے مدراینڈچائلڈہسپتالوں میں ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے بہترطبی سہولیات فراہم ہوں گی۔

 ڈاکٹریاسمین راشدنے  کہا کہ پاکستان ہیلتھ سٹریٹجی میں دوران زچگی ماں اور بچے کی اموات کی شرح میں واضع کمی لانے کاسیگنیٹری ہے، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گنگارام ہسپتال لاہورمیں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈبلاک کو عوام کیلئے جلدکھول دیاجائے گا، گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈبلاک پرتیزی سے کام جاری ہے۔

 انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب کے ڈاکٹرزسیلاب زدگان کوبہترطبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں،سیہون شریف میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے 25ڈاکٹرزپہلے ہی سیلاب زدگان کیلئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل،ایم ایس گنگارام ہسپتال  ڈاکٹراطہر، رجسٹرار، اعجازشیخ،پروفیسرشمسہ اور سی اینڈڈبلیوکے افسران نے شرکت کی۔