اوکاڑہ،04ستمبر(اے پی پی): ضلع میں عالمی یوم خواندگی کے سلسلہ میں تحصیل کی سطح پر کلچرل شو کا انعقاد کیا گیا۔ضلع کی تینوں تحصیلوں میں نان فارمل سکولوں کے بچوں نے پاکستان کے مختلف کلچرل سٹال لگائے طالبعلموں نے ان سٹالوں کے ذریعے پاکستان کے مختلف ثقافتی رنگ پیش کئے۔
اس موقع پر لٹریسی اینڈ نان فارمل سکولوں کے اساتذہ،والدین اور مقامی لوگوں نے کلچرل شو کی تقریبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے خوبصورت موسموں، دیدہ زیب لینڈ سکیپ سے نوازا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی ثقافت،تہذیب اور معاشرت کے رنگ پوری دنیا کے سامنے پیش کریں اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم ایک پڑھی لکھی قوم کے طور پر دنیا کے لئے ایک ماڈل بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی برادری میں ایک معتبر مقام حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم تعلیمی میدان میں اپنے اہداف حاصل کریں۔
اس موقع پر ڈی او لٹریسی سلیم حیدر نے کہا کہ شرح خواندگی کے مطلوبہ ہدف کے حصول کے لئے لٹریسی اینڈ نان فارمل سکول اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شخص تعمیر ملت کے اس منصوبے میں شامل ہو اور کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز کے نمائندوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ سکول نہ جانے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔











