تیسری ماونٹ ایورسٹ انٹرنیشنل اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ جی- ٹو  میں شرکت کیلئے پاکستان ٹیم نیپال روانہ

23

اسلام آباد ،20ستمبر(اے پی پی): تیسری ماونٹ ایورسٹ انٹرنیشنل اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ جی- ٹو  میں شرکت کیلئے پاکستان ٹیم نیپال روانہ ہوگئی ہے، ایونٹ 21 ستمبرتا 2  اکتوبر تک نیپال کے شہر پوکھرا میں کھیلاجائے گا۔

 چیمپئین شپ میں کیوروگی ایونٹ کیلئے ابوبکرصدیق، محمداربازخان، مظہر عباس، حمزہ عمر سعید، ہارون خان، شاہ زیب خان، فاطمہ الزہرہ خاور، نقش ہمدانی اور نوررحمن ٹیم کاحصہ ہیں جبکہ پومسے کی پہلی ماونٹ ایورسٹ انٹرنیشنل ایونٹ کیلئے قومی ٹیم شہبازاحمد، محمد وسیم جاوید، وجیہ الحسن، نائلہ،مہرالنساء اور فلاور ظہیر پر مشتمل ہے۔ ماسٹر سیونگوہ چوئی (کوریا) پومسے کوکیون اور ایران کے یوسف کرامی کیوروگی کھلاڑیوں کے ہیڈ کوچ ہیں، حاوث خان ٹیم منیجر جبکہ فیصل ندیم بٹ ٹرینر ہیں۔

 نیپال روانگی سے قبل قومی تائیکوانڈو پلیئرزاور آفیشلزنے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل (ر) آصف زمان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایس بی آصف زمان نے ماونٹ ایورسٹ چیمپئین شپ میں کامیابی کیلئے قومی کھلاڑیوں سے اپنی نیک خواہشات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ کھیل کے میدان سے آنے والی ہراچھی خبر پاکستان میں کھیل کی ترقی اور فروغ میں بہت معاون ثابت ہوتی ہے، عالمی سطح پر ملک کاپرچم سربلند کرنے والے کھلاڑی ہمارا فخر ہیں۔

 پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ کاکہنا تھا کہ ماونٹ ایورسٹ ایونٹ کیلئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سےاسلام آباد میں 15 روزہ تربیتی کیمپ لگایا گیاجو کھلاڑیوں کیلئے بہت معاون ثابت ہوگا، تربیتی کیمپ نومبر میں کھیلی جانے والی کومبیکس ایشین اوپن چیمپئین شپ تک جاری رہے گا۔انٹرنیشنل ایونٹس میں مصروف کھلاڑیوں کی غیرموجودگی میں دیگرپلیئرزبھی کیمپ سے مستفیدہوسکیں گے۔

 کرنل وسیم کا مزیدکہنا تھا کہ پوکھرا  ایونٹ میں شریک دیگر ممالک کا شمار بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے مگرہماری بھی اچھی تیاری ہے۔

 فیڈریشن کے سی ای او عمر سعید نے کہا کہ ایونٹس کی تیاریوں کیلئے کھلاڑیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی ملک کیلئے میڈلزکے حصول کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کارلائیں گے۔

قومی ٹیم کے پومسے کوچ ماسٹر سیونگوہ چوئی اور کیروگی کوچ یوسف کرامی نے کہا کہ پوکھرا میں ہونے والی چیمپئن شپ کیلئے کھلاڑیوں نے سخت ٹریننگ کی ہے، کھلاڑی جسمانی اور دماغی طور پر مکمل فٹ ہیں سو فیصد کارکردگی سے وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔

 قومی ایتھلیٹس ہارون خان، حمزہ سعید اور فلاور ظہیر کاکہنا تھا کہ تمام کھلاڑی نہایت پرجوش اور قومی جذبے سے سرشارہیں، انشاء اللہ قوم کو اچھا رزلٹ دیں گے ایونٹ میں دیگرممالک کے بہترین کھلاڑی شریک ہیں، صرف ملک کیلئے جیت کا جذبہ ساتھ لے کرجارہے ہیں، انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے ہمارے کھیل میں نکھار اور تجربے میں اضافہ ہوگا۔