پاکستان میں صحت عامہ، رئیل اسٹیٹ، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع  موجود ہیں،چیئرمین سینیٹ 

20

اسلام آباد،20ستمبر  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحت عامہ، رئیل اسٹیٹ، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع  موجود ہیں، کمبوڈیا کے تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے، پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں آنے والی مشکلات میں پھنسے عوام کی بحالی کیلئے اجتماعی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلطنت کمبوڈیا کے ورلڈ بریج گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین اور بورڈ آف ڈائریکٹرز پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ملاقات میں پاک۔کمبوڈیا کے دوطرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امید ہے کمبوڈیا کے وفد کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان تجارتی حجم 30 ملین ڈالر ہے لیکن دونوں ممالک کی استعدادکار کو دیکھتے ہوئے اسے مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بریج گروپ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے جس سے پاکستانی سرمایہ کاروں کو بھی فائدہ اٹھانا چاہئے۔ چیئرمین سینیٹ نے چیئرمین ورلڈ بریج گروپ نیک اوکھا سیر ریتھی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ای اور ایف ڈی آئی کے درمیان فرق ختم کرنے کے حوالے سے ان کا ایس ایم ای کلسٹرنگ کا وژن انقلابی ہے،کمبوڈیا کی طرح پاکستان میں بھی معیشت کو بہتر بنانے میں ایس ایم ای کا اہم حصہ ہے۔ورلڈ اکنامک فورم کے رکن اور ایس ایم ای کلسٹرنگ کے علمبردار ہونے کے ناطے پاکستانیوں کو بھی اس وژن سے مستفید ہوناچاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کمبوڈیا دونوں ممالک شدید بارشوں، طوفانوں کی وجہ سے آنے والے سیلابوں سے متاثر ہوئے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور کمبوڈیا کا گرین ہاؤس گیسز پیدا کرنے اور اس کے نتیجے میں دنیا بھر میں آنے والی موسمی تبدیلیوں میں حصہ بہت کم ہے لیکن اس کی قیمت بہت زیادہ چکا رہے ہیں،موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے آنے والی قدرتی آفات نے دونوں ممالک کے انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے اور کہا کہ  پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں آنے والی مشکلات میں پھنسے عوام کی بحالی کیلئے اجتماعی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ورلڈ بریج گروپ کے وفد نے استقبال پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اوکہا کہ امید ہے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مزیدفروغ حاصل ہوگا۔