جلال پورپیروالہ؛ ریسکیو ٹیم کے انچارج اور اہلکاروں میں تعریفی اسناد کی تقسیم، ریسکیو ٹیم کی کارکردگی کی تعریف

21

جلال پورپیروالہ، یکم ستمبر (اے پی پی ): میونسپل کمیٹی جلال پور کی جانب سے ریسکیو ٹیم جلال پور کے انچارج اور اہلکاروں میں تعریفی اسناد کی تقسیم کے لیے کمیٹی کے ہال میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی و اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود دھاریوال نے تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

 بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق محمود دھاریوال نے کہا کہ تحصیل جلال پور میں ٹریفک حادثات اور دیگر ناگہانی صورتحال میں ریسکیو جلال پور کی ٹیم کا رسپانس بہت بہتر ہوتا ہے، ٹیم کے ارکان بلاتاخیر موقع پر پہنچ کر طبی امداد اور دیگر ضروری سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ  شہریوں کی طرف سے بھی شکایات سامنے نہیں آئی ہیں ریسکیو جلال پور ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے جس کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں تعریفی اسناد تقسیم کی ہیں۔

 اس موقع پر ریسکیو جلال پور کے انچارج آفتاب کچالہ نے کہا کہ ریسکیو کے تمام اہلکاروں نے ان کی زیر سرپرستی کبھی بھی غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا، تعریفی اسناد ملنے سے ریسکیو اہلکاروں کے حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔