حيدرآباد، یکم ستمبر (اے پی پی) : صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ فوکل پرسن رین ایمرجنسی شرجیل انعام میمن نے جمعرات کو حیدر آباد تعلقہ دیہی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور برسات متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کسی صورت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، برسات متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،امداد کیمپس میں متاثرین کو دو وقت کا کھانہ اور طبی سھولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے ٹنڈو فضل روڈ لاہوری ہوٹل کے عقب میں نکاسی آب کے کام کا جائزہ لیا اور نکاسی آب کے عمل مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ صوبائی وزیر نے ٹنڈو فضل میں سیری شاخ کا بھی دورہ کیا اور پانی کی سطح کا جائزہ لیا اور علاقہ مکینوں سے تفصیلات لیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے ، جبکہ گڈو اور سکھر بیراجوں پر پانچ لاکھ کیوسک سے زائد پانی کا ریلا گزر رہا ہے ، کوٹری بیراج میں پانی میں اضافہ رکارڈ کیا گیا ہے، اس وقت چار لاکھ کیوسک سے زائد ریلہ گزر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دو روز میں گڈو اور سکھر پر پانی کا بہاؤ چھ لاکھ سے زائد کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔ سندھ میں کچے کے دونوں اطراف پانی میں ڈوب چکے ہیں جبکہ حفاظتی پشتوں پر پانی کے دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، محکمہ آبپاشی دریاء سندھ کے پشتوں کی 24 گھنٹے سخت نگرانی کر رہا ہے اور ضلعی انتظامیہ اور روینیو حکام الرٹ ہیں ۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی و قومی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، اس کے علاوہ رین ایمرجنسی فوکل پرسن بھی تمام اضلاع میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح ہے کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور انہیں ریلیف پہنچایا جائے۔ دوسرے مرحلے میں صورتحال نارمل ہونے کے بعد متاثرین کی دوبارہ آبادکاری پر توجہ دی جائے گی ، پاکستان آرمی اور نیوی لوگوں کے انخلا کے آپریشن میں سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی یوسیز کے چیرمین اور وائس چیئرمین کے نامزد امیدوار اور علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔











