رینالہ خورد: یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریری مقابلہ جات کا انعقاد

9

رینالہ خورد،05ستمبر (اےپی پی): یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے شعبہ زووالوجی اور شعبہ بائیوکیمسٹری کی جانب سےیوم دفاع کی مناسبت سے اردو اور انگلش کے تقریری مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کی۔ ان مقابلہ جات میں طلبا اور طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور تقریریں پیش کیں۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے طلباء کو ہدایت کی کہ وہ ذمہ دار شہری بنیں اور نظریہ پاکستان کے ساتھ سختی سے منسلک رہیں۔ اس ضمن میں اساتذہ کی اہمیت پہ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کو طلباء کے اندرجذبہ حب الوطنی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

افواج پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے۔ ہمارے دشمن ملک کو غیر مستحکم کرنے کےلیے فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں۔ نوجوان نسل کو انٹرنیٹ پہ اس پروپیگنڈا کو روکنے کےلیےکام کرنا چاہیے۔

پروفیسر واجد نے مزید بتایا کہ ان کی انتظامیہ نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے کےلیے فلڈ ریلیف پروگرام شروع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں اکٹھے ہونے والے تمام فنڈز کی تقسیم شفافیت یقینی بنانے کےلیے پاکستان آرمی کے ذریعے تقسیم کروائی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یونیورسٹی نے سیلاب زدہ علاقوں کے طلباء کو مفت داخلوں کی فراہمی کےلیے ایک فنڈ بھی قائم کیا ہے۔