سروے مکمل ہوتے ہی سیلاب متاثرین کی امداد شروع کر دینگے؛ راجہ بشارت

4

لاہور 15 ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کا سروے مکمل ہوتے ہی امدادی رقوم کی تقسیم شروع کر دی جائے گی۔ سول سیکرٹریٹ میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ سروے میں شامل ٹیمیں مشنری جذبے سے کام کریں اور شفافیت کا خاص خیال رکھیں تاکہ حقداروں کو ان کا حق مل سکے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ محسن خان لغاری، سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو زاہد اختر زمان اور ممبر کالونیز(تھری) شاہد نیاز نے شرکت کی۔ اجلاس میں  سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ایس ایم بی آر نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کے تخمینے کا سروے 17 ستمبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس ضمن میں ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہیں۔ صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریاں غیر معمولی ہیں، اس لئے ریلیف اور بحالی کا کام بھی غیر معمولی انداز میں مکمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو جلد اپنی چھت میسر ہوگی۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے ہر ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔ وزیر خزانہ سردار محسن خان لغاری نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور نہروں کے پشتوں اور سڑکوں کی مرمت جنگی بنیادوں پر کی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلئے بھرپور وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔