لاہور، ستمبر 1(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے سابق صوبائی وزیر عمران نذیر، ایم پی اے سنبل ملک اور جنرل سیکرٹری پی ایم ایل این ویمن ونگ کنول پرویز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں سیلاب کی صورتحال اور ویمن ایمپاورمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنا سب پہ فرض ہے. وزیراعظم محمد شہباز شریف خود تمام سیلاب زدہ علاقوں تک پہنچ رہے ہیں. وزیراعظم تمام قومی اداروں بالخصوص این ڈی ایم اے ، پی ڈی ایم اے، پاک فوج، صوبائی حکومتوں، ضلعی حکومتوں، پاکستان ریڈ کریسنٹ، صوبائی ہلال احمر کو ساتھ لے کر مربوط کوششیں کررہے ہیں. گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم کا عزم ہے کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ گورنر ہاؤس پنجاب بھی وزیراعظم کی اس عظیم کاوش میں ان کے شانہ بشانہ اب تک مخیر حضرات کے تعاون سے سو کروڑ روپے سے زائد کی نقد اور اشیائے ضرورت پر مشتمل امداد بھجوا چکا ہے. بلیغ الرحمان نے کہا کہ انشاءاللہ یہ کاوش جاری رہے گی. یہ مشکل گھڑی ہم سب کے لیے امتحان ہے اور ہمیں اس میں بھر پور کردار ادا کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گورنر ہاوس کے باہر بھی سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ لگا. دیا گیا ہے. عوام سے درخواست ہے کہ اپنی اپنی بساط کے مطابق امدادی سامان اور فنڈ اکٹھا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں. گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور فیکلٹی ممبرز کو بھی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان اور فنڈ اکٹھا کرنے کی ہدایات دے دی ہیں. انھوں نے کہا کہ جامعات میں فلڈ ریلیف مہم کی مانیٹرنگ بھی کر رہا ہوں. مسلم لیگ ن خواتین کو با اختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے.۔ مسلم لیگ ن کے سابق ادوار میں خواتین کی پہلی یونیورسٹی بنی. اس کے بعد ملک میں خواتین کی زیادہ تر یونیورسٹیاں پی ایم ایل (ن) کے دور حکومت میں بنیں. تاکہ ملک کی بیٹیاں اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں. سنبل ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاوس کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان بھجوانا احسن اقدام ہے. عمران نزیر نے کہا کہ گورنر پنجاب کی اس کاوش میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔











