صدر مملکت کا خصوصی اور تکنیکی شعبوں میں سرکاری افسران کیلئے مختصر دورانیے کے تربیتی کورسز کے آغاز پر زور

24

اسلام آباد،30ستمبر  (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی اور تکنیکی شعبوں میں سرکاری افسران کیلئے مختصر دورانیے کے تربیتی کورسز کے آغاز پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی صلاحیتوں میں اضافہ سے پاکستان کے متنوع سماجی و سیاسی تناظر میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے  میں مدد ملے گی ، آن لائن تربیتی ماڈیولز کی مدد سے اضافی اخراجات کے  بغیر  سرکاری ملازمین کو تربیت کی فراہمی ممکن ہو سکے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل سکول آف پبلک پالیسی (این ایس پی پی) کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت این ایس پی پی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بھی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ عوام کو  خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے سرکاری ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ کی ضرورت ہے ، استعداد کار میں اضافہ کیلئے بہترین  عالمی طریقوں کے مطابق تربیت  دینا ہوگی ، سرکاری ملازمین کی صلاحیتوں میں اضافہ سے پاکستان کے متنوع سماجی و سیاسی تناظر میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے  میں مدد ملے گی ۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تربیت میں مصنوعی ذہانت ، آن لائن اور ہائبرڈ طریقوں کو استعمال کیا جائے ، سرکاری ملازمین کی مہارتوں میں اضافہ ، بروقت اور درست فیصلہ سازی کیلئے تعلیمی ماڈیولز کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن تربیتی ماڈیولز کی مدد سے اضافی اخراجات کے  بغیر  سرکاری ملازمین کو تربیت کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

 وفاقی وزیر برائے منصوبہ ،  ترقی و اصلاحات احسن اقبال، این ایس پی پی کے بورڈ آف گورنرز کے وائس چیئرمین  بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کی جانب سے مجموعی طور پر خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، دور دراز علاقوں میں تعینات افسران کو مختصر اور طویل مدتی معیاری تربیت فراہم کرنے کے لئے آئی ٹی پر مبنی پلیٹ فارم متعارف کرانے کی ضرورت ہے ۔

 وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی جانب سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی طرز پر این ایس پی پی کو ڈگری جاری کرنے والے ادارے میں تبدیل کرنے کی تجویز  بھی دی گئی۔

بورڈ آف گورنرز نے اجلاس میں پیش کئے گئے ایجنڈا آئٹمز پر بھی فیصلے کئے۔

این ایس پی پی میں گریڈ 18 کے افسران کیلئے مڈکیریئر مینجمنٹ کورس ، گریڈ 19 کے افسران کیلئے سینئر مینجمنٹ کورس اور گریڈ 20 کے افسران کیلئے نیشنل مینجمنٹ کورس منعقد کراتی ہے۔  نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی  این ایس پی پی کا پبلک پالیسی سے متعلق ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ہے، اس کا مقصدپاکستان کے کثیر جہتی اور متنوع سماجی و سیاسی تناظر میں حکومت کے وسیع اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پالیسی ریسرچ اور مکالمے کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

اجلاس میں  این ایس پی پی کے بورڈ آف گورنرز کے اراکین اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔