مظفرگڑھ ؛ضلعی ترقیاتی کمیٹی اجلاس، ڈپٹی کمشنر کی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

1

مظفرگڑھ، 9ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا ہے کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور ان کو بروقت مکمل کیا جائے، ترقیاتی منصوبوں پر سست روی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو شو کاز نوٹس جاری کئے جائیں گے ۔

یہ بات انہوں نے ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں منصوبوں پر جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے لہذا تمام افسران ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے عملی اقدامات کریں۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ خود مختلف اوقات میں تمام ترقیاتی منصوبوں کو چیک کریں گے لہذا کام اور میٹریل کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جائے اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ نے بتایا کہ مالی سال 2022-23میں ضلع بھر میں 392ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے جن کی کل لاگت 19ارب 58کروڑ50لاکھ روپے ہے۔مالی سال 2022-23میں ان منصوبوں پر 4ارب 46کروڑ36لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ امسال 19نئے منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن کی کل لاگت7ارب20کروڑ70لاکھ روپے ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مبشر رحمن، سی ای او تعلیم مسعودندیم، سی ای او صحت ڈاکٹر انجم اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شاہین ملک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل تنویر احمد سہو، سپرنٹنڈنٹ ثناء الرحمن، ایس ڈی او لوکل گورنمنٹ نبیل افضل، ایکسین کینال ناصر جاوید، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ لطیف احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔