ملتان، 10 ستمبر (اے پی پی): وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر ریجنل ہیڈ ملتان محمود جاوید بھٹی نے راجن پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر عارف رحیم کے دفتر میں تمام صوبائی اور وفاقی محکموں کے سربراہان سے تفصیلی میٹنگ کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تمام ادارے سیلاب ذدگان کی مدد کے لئے حب الوطنی کے ساتھ کام کریں،تمام متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی جذبہ اور نیکی سمجھ کر کام کریں ، سیلاب متاثرین کا دکھ ہم سب نے بانٹ کر کم کرنا ہے ،وفاقی محتسب کا ادارہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا۔
بعد ازاں انہوں نے فلڈ کنٹرول روم کا تفصیلی دورہ کیا، متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور امدادی سرگرمیاں جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔











