اٹک۔25ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ معاون خصوصی کا عہدہ پارٹی اور کارکنوں کی امانت ہے کارکنوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر وقت حاضر ہوں، 2013 سے 2018 تک ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے لیکن پارٹیاں بدلنے والوں نے علاقے کو کھنڈر بنا دیا، عمران خان کے آئی ایم ایف کے ساتھ مہنگے معاہدوں کی وجہ سے مہنگائی ہے لیکن جلد مہنگائی اور بیروزگاری پر قابو پالیں گے ، پارٹی قیادت نے جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر قیادت کا مشکور ہوں، پارٹی کارکنوں کو متحد رکھنے اور پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اپنے آبائی حلقہ روانگی کے موقع پر راولپنڈی، ممتاز سٹی، موٹر وے انٹر چینج، قطبال، پنڈی گھیب، فتح جنگ ، کھوڑ، احمدال، ڈھرنال اور دیگر مختلف مقامات پر استقبالیہ تقریبات اور کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ بھی سرادر سلیم حیدر کے ہمراہ تھے ۔ پارٹی کارکنان اپنے قائدین کا فقید المثال استقبال کرنے کے لئے جگہ جگہ جمع تھے اورکارکنوں کا جذبہ دیدنی تھا جنہوں نے قائدین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کے صدر راجہ کامران حسین نے اقبال ٹائون میں راولپنڈی ڈویژن کے صدر کو وزیراعظم پاکستان کا معاون خصوصی بننے کی مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ آپ کی قیادت میں ڈویژن و سٹی تنظیم کارکنوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سردار سلیم حیدر نے نہ پہلے کبھی کارکنوں کو مایوس کیا اور نہ آئندہ کریں گے۔ انہوں نے سردار سلیم حیدر جیسی شخصیت کو یہ ذمہ داری سونپنے پر پارٹی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔ سردار سلیم حیدر نے کارکنوں کے جوش وجذبے کو سراہا اور یقین دلایا کہ یہ عہدہ پارٹی کارکنوں کی امانت ہے جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اس پر پورا اتروں گا، ہر وقت میرے دروازے کارکنوں کے لئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں ہم نے اپنے حلقے کی تعمیر وترقی کے لئے ریکارڈ کام کرانے کے ساتھ ساتھ کارکنوں کے مسائل کو بھی حل کرایا، انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے میرے حلقہ کے عوام کو یکسر نظر انداز کیا چند عناصر آج بھی سازشوں میں مصروف ہیں لیکن انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ تعمیر وترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں چھوڑا تھا،کارکن مطمئن رہیں جلد ملکی مسائل پر قابو پالیں گے ۔ڈھرنال میں اپنی رہائشگاہ پہنچنے پر کارکنوں کی بڑی تعداد جمع تھی جنہوں نے سردار سلیم حیدر اور ان کے ساتھ آئے قافلے کا شاندار استقبال کیا اور پھول نچھاور کئے۔ سردار سلیم حیدر خان نے تمام کارکنوں کا اس محبت کے اظہار پر شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر پارٹی کے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔











