میڈیکل مشینری کی فراہمی اور ہیپاٹائٹس سکریننگ کیمپ کا افتتاح

5

ملتان،26ستمبر (اے پی پی):پنجاب حکومت لوگوں کو ان کی دہلیز پر صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل،رورل ہیلتھ سنٹر مخدوم رشید میں ایمبولینس، کارڈیک مانیٹر، الٹراساونڈ اور دیگر طبی مشینری کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔

صوبائی وزیر محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک نےمیڈیکل مشینری کی فراہمی کا افتتاح کیا اور انہوں نے  مرکز صحت پر ہیپاٹائٹس سکریننگ کیمپ کا بھی افتتاح کیا اور فارمیسی، ایکسرے،  ڈینٹل اور دیگر یونٹس کو بھی چیک کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال، ڈائریکٹر ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹر شاہد حسین مگسی، سی ای او ملتان اور دیگر افسران صوبائی وزیر صحت کے ہمراہ موجود تھے،عمائدین علاقہ اور لوگوں کی کثیر تعداد  ن بھی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا کہ لوگوں کو بلاامتیاز بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، رورل ہیلتھ سنٹر مخدوم رشید پر ایمبولینس اور دیگر طبی مشینری کی فراہمی سے مؤثر سروس ڈیلیوری میں کافی مدد ملے گی   اور کہا کہ رورل ہیلتھ سنٹر کی بحالی کے لئے 40 لاکھ روپے کی گرانٹ بھی فراہم کر دی گئی ہے اور ہیپاٹائٹس سکریننگ کیمپ میں سکریننگ اور ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں،  ہیپاٹائٹس سکریننگ کیمپ اگلے دو روز تک مکمل فعال رہیں گے ۔

انہوں نے  کہا میں نے ہفتہ وار ہیلتھ سیکریٹریٹ جنوبی پنجاب میں عوام کی براہ راست شکایات سننے کا فیصلہ کیا ہےاوراسپتالوں اور طبی مراکز پر سروس ڈیلیوری میں غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں ،سروس ڈیلیوری کی مانیٹرنگ کے لیے ہیلتھ سیکریٹریٹ جنوبی پنجاب کے افسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور کہا اسپتالوں اور مراکز صحت پر تمام حکومتی منظور شدہ ادویات کی ہمہ وقت دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

صوبائی وزیر نے لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔

 سیکریٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال نے کہا تمام مراکز صحت پر اسٹاف کی حاضری اور ادویات کی دستیابی و فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کہا لوگوں کو ان کی دہلیز پر بلاامتیاز طبی سروسز کی فراہمی کے لیے تمام آپشنز استعمال کیے جارہے ہیں ۔