وزیراعظم یوتھ پروگرام،ہاکی اکیڈمی اور آسٹروٹرف منصوبہ پر عملی اقدامات کا آغاز

16

ملتان،27 ستمبر(اے پی پی):جنوبی پنجاب کے ہاکی ٹیلنٹ کیلئے بڑی خوشخبری، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ہاکی اکیڈمی اور جدید میدان آسٹروٹرف ہاکی میدان کے منصوبہ پر عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم یوتھ پراجیکٹ  کے تحت زکریا یونیورسٹی میں ہاکی اکیڈمی اور آسٹروٹرف منصوبہ کی سنگ بنیاد تقریب منعقد کی گئی ۔ملتان جدید ہاکی میدان اور ہاکی اکیڈمی  بلڈنگز کیلئے 149ملین مختص کردیئے گئے ہیں اور  ہاکی کھلاڑیوں کی رہائش کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ ہاسٹل بھی  تعمیر کیا جائے گا ۔منصوبہ پر کام کا آغاز زکریا یونیورسٹی میں سنگ بنیاد رکھ  کر کر دیا گیا ہے۔

 منصوبہ بارے بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ہاکی اکیڈمی ٹرف میدان اور  ہاسٹل منصوبہ 18ماہ میں مکمل ہو گا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ  وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کھیلوں کی جدید سہولیات ملک بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں فراہم کی جارہی ہیں۔

 وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر منصور کریم کنڈی نے کہا کہ  ہاکی اکیڈمی و آسٹروٹرف منصوبہ کی تکمیل سے پڑھا لکھا کھلاڑی سامنے آئے گا۔

 زکریا یونیورسٹی کے سپورٹس ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر فرحان میر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں قومی کھیل سمیت دیگر کھیلوں کی جدید سہولیات کی فراہمی خوش آئند ہے۔

زکریا یونیورسٹی کے سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ تقریب میں ایچ ای سی حکام  ہاکی کے قومی و کلب  کھلاڑیوں انٹرنیشنل آفیشلز اور  عہدیداروں نے بھی شرکت  کی ۔