وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری الٰہی سے امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما طاہر جاوید کی ملاقات،سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی آباد کاری کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا

21

لاہور ،10 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری الہٰی سے پاکستانی نژاد امریکی تاجر اور ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما طاہر جاوید کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی آباد کاری کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے وفد کو پنجاب حکومت کی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا۔

 پاکستانی نژاد امریکی تاجر اور ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما طاہر جاوید نے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو مفت سولر پمپ فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ انہوں  نے کہا کہ ہم سب سیلاب متاثرین کے دکھ اور مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

طاہر جاوید نے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے فوری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی آباد کاری کے لیے جو موثر حکمت عملی اپنائی جارہی ہے وہ انتہائی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلیل وسائل کے باوجود ایسے بڑے اقدامات کرنا وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی دانشمندانہ حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔

 وزیراعلیٰ نے طاہر جاوید کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کا اپنے بہن بھائیوں کی مدد کا جذبہ لائق تحسین ہے۔ انہوں  نے کہا کہ امریکی صدر سے ملاقات کی خوشگوار یادیں ابھی بھی تازہ ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ جوبائیڈن اور ان کے وفد سے ظہور الٰہی ہاؤس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے ہونے والی ملاقات نتیجہ خیز رہی اور اس میں فائدہ مند گفتگو ہوئی کہ وہ حالیہ سیلاب میں متاثرین سیلاب کے لیے بھیجی جانے والی امریکی امداد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری الہٰی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی سیلاب نے ایسی تباہی نہیں مچائی اور بتایا کہ انہوں نے سی ایم فلڈ ریلیف فنڈ قائم کیا ہے جس میں مخیر حضرات دل کھول کر اپنے عطیات دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے خصوصی امدادی پیکج دیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے وفد میں فاروق ارشد، خاور بیگ، ریحان صدیقی، عامر محمود، راؤ خورشید، شاہد بھنڈر اور دلاور شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی اور وزیراعلیٰ کے سابق پرنسپل سیکرٹری جی ایم سکندر بھی موجود تھے۔