وہ علاقے بارش سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں بارش کم ہوتی تھی لیکن اس بار غیر متوقع بارش ہوئی؛ وفاقی وزیر احسن اقبال

15

اسلام آباد، 03 ستمبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال   نے کہا  ہے کہ  وہ علاقے بارش سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں بارش کم ہوتی تھی لیکن اس بار غیر متوقع بارش ہوئی، سیلاب سے متاثر ہونے والے نظام کی بحالی پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

ہفتہ کو یہاں  نیشنل فلڈ ریسپانس و کوآرڈینیشن سنٹر (این ایف آر سی سی ) میں پریس کانفرنس سے  خطاب میں  وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے جس قدرتی آفت کا سامنا ہے یہ تباہ کن اور انسانی المیہ ہے، حالیہ تاریخ میں دنیا کے اندر سب سے بڑی موسمیا تی تبدیلی  المیہ ہے جس کا پاکستان کو سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں اس وقت طوفانی بارشیں ہوئی ہیں وہاں سب سے کم بارشیں ہوتی تھیں، یہ ہماری 30 سال کی اوسط میں 500 گنا زیادہ بارشیں تھیں، اس کے نتیجہ میں 3 کروڑ 30 لاکھ کی آبادی متاثر ہوئی ، اس نقصان کا پیمانہ بہت بڑا ہے، امریکا اور جاپان اس طرح کی قدرتی آفات کے سامنے بے بس نظر آئے، پاکستان میں اس المیے کا پیمانہ حکومت اور وسائل کے مقابلے میں بہت بڑا ہے تاہم ہمارا عزم چٹان کی طرح مضبوط ہے۔