سینیٹر عبدالقادر کا کمبوڈیا کے ورلڈ بریج گروپ آف کمپنیز کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ

25

اسلام آباد،20ستمبر  (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان کا تین روزہ دورہ کرنے والے سلطنت کمبوڈیا کے ورلڈ بریج گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین اور بورڈ آف ڈاریکٹرز پر مشتمل وفد کے اعزاز میں سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم سینیٹر عبدالقادر نے ظہرانہ دیا۔

 سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ظہرانہ کے دوران پاک کمبوڈیا کے دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو کی گئی۔

سینیٹر عبدالقادر  نے کہا کہ پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری و تجارت کے حالات سازگار ہیں، کمبوڈیا کے سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہوں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔

 سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ جات نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے کیلئے بھی گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ  ورلڈ بریج گروپ آف کمپنیز پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہو کر دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ کمبوڈیا اور پاکستان میں ملبوسات کا شعبہ برآمدت کے حوالے سے دونوں ممالک کیلئے خاصی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان میں ٹیکسٹائیل، فارماسیوٹیکل ،رئیل اسٹیٹ، توانائی، زراعت،آئی ٹی و دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری بے پناہ مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسمی تغیرات سے متاثرہونے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے، موسمی تغیرات کے پاکستان پر شدید منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

چیئرمین ورلڈ بریج گروپ نیک اوکھا سیر ریتھی   نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر شدید دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تغیرات، گرین ہائوس گیسز پیدا کرنے میں پاکستان اور کمبوڈیا کا حصہ بہت کم ہے جبکہ اس کے منفی اثرات بہت زیادہ ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والی قدرتی آفات کے تدارک کیلئے مل کر لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود تجارت وسرمایہ کاری کے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے گا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے چیئرمین سینیٹر عبدالقادر کی جانب سے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹرز فیصل سلیم رحمان، سیف اللہ سرور خان نیازی، نصیب اللہ بازئی،دنیش کمار،رانا محمود الحسن، فدا محمداور رکن قومی اسمبلی زبیدہ جلال نے شرکت کی۔