لاہور،03 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ پاکستان کے بچے بہت قابل ہیں اور اپنے ملک کا نام روشن کرناچاہتے ہیں،پاکستان کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے پوری دنیا میں بہتر مواقع دستیاب ہونے چاہئیں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں ایجوکیشن میلے کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ایجوکیشن فیئر کا انعقاد ایجوکیشن ملائیشیا گلوبل سروسز کی جانب سے کیاگیا۔ایجوکیشن ملائیشیاء گلوبل سروسز کے سی ای او محمد ردزین بن جلال الدین نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکااستقبال کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس موقع پر مختلف یونیورسٹیز کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور نمائندگان سے جدید تعلیمی نظام بارے تبادلہ خیال کیا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج ایجوکیشن ملائیشیاء گلوبل سروسز کی جانب سے ایجوکیشن میلے میں آکر بڑی خوشی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست ملک ملائیشیاء میں ورلڈ رینکنگ کی یونیورسٹیز ہیں، ملائیشیاء کی یہ یونیورسٹیز میڈیکل فیلڈسے متعلقہ ڈگریز بھی کروارہی ہیں،ملائیشیاء میں تعلیم کا معیاربہت بہتر ہے۔ آج انتہائی اہم اور شاندارایجوکیشن میلے کے انعقادپر ملائیشیاء کی حکومت کو مبارکباد دیناچاہتے ہیں۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز میں بھی طلباء وطالبات کیلئے بہترتعلیم کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ ملائیشیاء سمیت پوری دنیاسے لوگ الحمداللہ پاکستان پڑھنے آتے ہیں،ملائیشیاء نے ہمیشہ دوست ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان کی مدد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں زیادہ سے زیادہ علم حاصل کرنے پر زور دیاگیا ہے۔











