ملتان، 04 ستمبر (اے پی پی): مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری طارق زمان گجر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت متاثرین سیلاب کی امداد و بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائی رہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔چوہدری طارق زمان گجر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر میں نے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع راجن پور ،ڈی جی خان،تونسہ،مظفر گڑھ کے دورے کیے،پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پر عزم ہے،چوہدری پرویز الہی نے سیلاب متاثرین کو فوری امدادی چیکس دینے کی ہدایت بھی کی ہے ۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری طارق زمان گجر نے کہا کہ فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں جو مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے دن رات کوشاں ہیں ،پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لیے جلد خصوصی میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا جائے گا۔











