اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان تمام حدیں پار کر گئے ہیں، ملکی اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی ہے، پاک فوج کا ہر افسر اور جوان محب وطن ہے، پتہ چلنا چاہئے کہ شہباز گل کی سازش کے پیچھے تو عمران خان تھا عمران خان کے پیچھے کون ہے، واضح ہو گیا ہے کہ اداروں کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے کون ہیں، جو الفاظ عمران خان نے استعمال کئے ہیں وہ تو کوئی دشمن بھی نہیں کر سکتا، وہ اقتدار کے حصول کیلئے سب کچھ نیست و نابود کرنا چاہتے ہیں، اب انصاف دینے والے اداروں کا امتحان ہے، انہیں میر جعفر اور میر صادق کا تعین کرنا ہو گا، پی ٹی آئی کی قیادت بتائے کہ وہ عمران خان کے بیان کے ساتھ ہے یا نہیں، عمران نیازی کے خلاف آئین و قانون کے مطابق بھرپور کارروائی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان بہت سال پہلے سقوط ڈھاکہ اور پھر بھارت کی سرزمین پر پاکستان مخالف ہرزہ سرائی کر چکے ہیں، اقوام متحدہ میں ان کی تقریر کے حوالہ سے بھی سب جانتے ہیں، جو سازش شہباز گل نے کی اس کا عمران خان نے اعتراف کر لیا ہے، لوگوں کو پتہ چل گیا ہے کہ شہباز گل کے پیچھے کون ہے، شہباز گل کے پیچھے عمران خان ہے لیکن عمران خان کے پیچھے کون ہے اس سوال کا جواب سامنے آنا چاہئے، واضح ہو گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف پچھلے چار، پانچ ماہ کے دوران ٹرینڈ کون چلا رہا تھا، لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کے خلاف بھی ہرزہ سرائی کی گئی، اس سازش میں چہرہ شہباز گل کا تھا لیکن زبان عمران خان کی تھی، عمران خان ملک میں سازشوں کا منبع ہے، کوئی بھی سازش ہوتی ہے تو اس کا سرا عمران خان سے جا ملتا ہے، عمران خان نے اداروں کے خلاف پھر ہرزہ سرائی کی ہے، اس طرح کے الفاظ ادا کرنے کی تو ہمسایہ ملک کو بھی جرأت نہیں ہوئی، سابق وزیراعظم کیا اپنے دفاعی اداروں کے خلاف ایسی زبان بولتا ہے، عمران خان اقتدار کے حصول کیلئے سب کچھ نیست و نابود کرنا چاہتے ہیں، یعنی اگر وہ حکمران نہ رہیں تو ملک کے ٹکڑوں میں بٹ جانے اور دفاعی اداروں کے سربراہان کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیں، پاک فوج کے تمام جوان اور افسر محب وطن ہیں اور شہداء نے مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے











