گلگت؛ چین کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے بھیجا گیا امدادی سامان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے

10

گلگت،14ستمبر (اے پی پی): سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان اقبال حسن نے حکومت چین کی طرف سے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کیلئے بھیجے گئے نان فوڈ آئٹمز  کے دو کنٹینرز جن میں گرم کپڑے،سویٹرز، جوتے واسکٹ،گرم کوٹ اور ونٹرائز ٹینٹ شامل ہیں،  گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے کر دئیے  ہیں۔

 اس حوالے سے بدھ کو سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان اقبال حسن اور ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کمال الدین قمر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  حکومت چین اور صوبہ سنکیانگ کا خصوصی شکریہ ادا  کرتے ہیں جنہوں نے حکومت گلگت بلتستان کی اپیل پر متاثرین سیلاب کے لئے ریلیف مہیا کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی مزید ریلیف کے لیے  چین سے بات چیت  چل رہی ہے جس میں چین کی طرف سے مزید 1 میلین چائنیز کرنسی کی اشیاء متاثرین سیلاب کو بھیجی جائیں گی۔انہوں نے کہا چونکہ گلگت بلتستان میں جلد سردی کا موسم شروع ہونے والا ہے ،اس لیے ان اشیاء کو ہنگامی بنیادوں پر سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔