اوکاڑہ؛ ماہ ستمبرمیں10منظم گینگز کے 29ملزمان گرفتار، ڈیڑھ کروڑ مالیتی سے زائد مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے

31

اوکاڑہ،یکم اکتوبر(اے پی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر)محمد فرقان بلال نے کہاہے کہ ماہ ستمبرمیں پولیس نے 10منظم گینگز کے 29ملزمان کو گرفتار کیا ہے،جن کے قبضے سے ڈیڑھ کروڑ مالیت سے زائد مال مسروقہ برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈی پی او آفس میں پروقار تقریب برائے حوالگی مال مسروقہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی پی او نے کہا کہ گزشتہ دنوں ضلع کے مختلف علاقوں میں جرائم کی بڑھتی ہوئی لہر سے شہریوں میں تشویش پائی جارہی تھی جس پر اوکاڑہ پولیس نے منظم حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ناصرف ملزمان کو گرفتار بلکہ ان کے قبضہ سے لوٹی ہوئی دولت بھی برآمد کی اور 10منظم گینگز کے 29ملزمان کو گرفتار کیا گیاجن کے قبضہ سے 90لاکھ روپے کی برآمدگی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ پولیس نے ماہ ستمبر کے دوران تقریباً48لاکھ، 2ہزار 500سور وپے نقدی، ٹریکٹر 01، لوڈر کشے 02عدد، موٹرسائیکل 40عدد، مال مویشی، راس بھینسیں 07، گائے 02،کٹے 02،شاخ بکرے/بکریاں40،طلائی زیورات اور موبائل فونز برآمد کئےجب کہ غیر قانونی اسلحہ،رائفل 04عدد، بندوق14عدد، ریوالور 2عدداور120عدد پسٹل برآمد کیے گئے۔جب کہ جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پرE-Gadget اپیلیکشن کےذریعے21 لاکھ 70ہزار سے زائد مالیت کے75عدد موبائل فونز بھی برآمد کئے گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر)محمد فرقان بلال نے کہا کہ قتل، ڈکیتی وراہزنی جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے جو پولیس افسران اور ملازمین شب وروز محنت کرتے ہیں وہ یقینی طور پر پولیس فورس اور معاشرے کے لئے کسی سرمائے سے کم نہیں۔جن کی کارکردگی ان کی حوصلہ افزائی کا موجب بنتی ہے جس سے دیگر پولیس افسران اور ملازمین میں بھی کچھ کر گزرنے کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔