جرمنی سوشل ہیلتھ پروٹیکشن فیزتھری کے تحت پاکستان کو7.5 ملین یوروکی گرانٹ فراہم کرے گا

14

اسلام آباد،26اکتوبر  (اے پی پی):جرمنی سوشل ہیلتھ پروٹیکشن فیزتھری کے تحت پاکستان کو7.5 ملین یوروکی گرانٹ فراہم کرے گا، اس سلسلہ میں بدھ کویہاں وزارت اقتصادی امورمیں مالیاتی معاہدے پردستخط ہوگئے۔اقتصادی امورکے سیکرٹری کاظم نیاز اورجرمنی ڈولپمنٹ بینک (کے ایف ڈبلیو) کے کنٹری ڈائریکٹرسباستین جیکوبی نے معاہدے پردستخط کئے۔معاہدے کے تحت  سماجی صحت تحفظ کے ضمن میں خیبرپختونخواکی حکومت کو5.72 ملین یورو اورگلگت بلتستان کی حکومت کو1.785 ملین یوروکی گرانٹس فراہم ہوگی۔معاہدے کے تحت خیبرپختونخوا اورگلگت بلتستان کے متعلقہ علاقوں میں سماجی صحت کے تحفظ اورمعاشرے کے اقتصادی طورپرکمزورطبقات پرصحت کے اخراجات کے بوجھ کوکم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ پائیدارہیلتھ سسٹم کی پائیداریت کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔

اقتصادی امورکے سیکرٹری نے جرمنی کی حکومت اورعوام کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ دونوں  ممالک کے درمیان بامقصدتعاون کوفروغ دینے کیلئے تمام ترسہولیات فراہم کی جائیگی۔