لاہور، 23 اکتوبر ( اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اوروزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کا حسن ہے کہ عمران خان کو آئینی طریقے سے گھر بھیجا، پی ڈی ایم کے لیڈروں نے سیاسی قیمت ادا کر کے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں مقامی ہوٹل میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں ملک و قوم کے لئے مشکلات پیدا کیں ، اسے جمہوری طریقہ سے گھربھیجا گیا جو جمہوریت کی مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ کسی بھی وزیراعظم کا احتساب عدلیہ یا گیٹ نمبر 4کی بجائے جمہوری انداز میں پارلیمان کے ذریعے ہونا چاہیے۔











