لاہور ،29 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اپنے وسائل اور وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ سے سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام کررہی ہے، تمام سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرکے اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، حکومت پنجاب اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطح کااجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے 12ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے 9ارب روپے فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل پر ٹیلی تھون میں 3.2ارب روپے کے عطیات جمع ہوئے،جس میں میں نے بھی شرکت کی،گھروں اور لائیوسٹاک کے نقصانات کے ازالے کے لئے 10ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ سیلاب سے فصلیں تباہ ہونے والے کاشتکاروں کی مالی معاونت کے لئے 2ارب روپے مختص کئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ساڑھے12ایکڑسے کم اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 5ہزار روپے دیئے جائیں گے، کچے مکانات گرنے پر 2لاکھ روپے اور پکے مکانات کے مالکان کو 4لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی ،سیلاب متاثرہ علاقوں میں لائیوسٹاک مالکان کو بھی امداد دی جائے گی۔
پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ سیکرٹریز او ردیگر حکام سمیت پنجاب احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، صوبائی وزیر محسن لغاری اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے شرکت کی۔











