ملتان، 29 اکتوبر (اے پی پی ): ایکٹیویٹیڈ پروفیشنل باکسنگ مقابلوں کیلئے مدمقابل باکسرز کے درمیان فیسنگ کا دلچسپ شو منعقد ہوا،مدمقابل باکسرز نے اپنی فیورٹ باکسنگ سکلز کا مظاہرہ کیا اور حاضرین سے داد تحسین وصول کی۔
اس موقع پر تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان باکسنگ کونسل کے سیکرٹری جنرل کلیم احمد آزاد نے ملتان میں پر و باکسنگ سے وابستہ سنہری یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ پی بی سی نے نومبر 2019ء میں سپورٹس کمپلیکس جمنیزیم میں انٹرنیشنل پرو باکسنگ مقابلے بھی کروا چکی ہے اور اب آج 29اکتوبر 2022ء کو ملتان میں ایکٹیویٹڈ کے اشتراک سے پاکستان باکسنگ کونسل سپورٹس کمپلیکس ملتان کے باکسنگ ایرینا میں پرو فائٹ کروائے گی ۔
پروفیشنل فائٹ کی سپر بینٹم کیٹیگری میں محمد شاہزیب اور محمد اسماعیل مقابلہ کریں گے۔ دوسری پرو فائٹ میں محمد اسامہ فاروق اور حافظ محمد عدنان مدمقابل ہوں گے، تیسری پرو فائٹر میں دی ایگل طلحہ غفار اور محمد علی کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلے میں ذلال (Zulal)حیدر اور ساجد علی باکسنگ ایرینا میں اتریں گے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان باکسنگ کونسل کلیم احمد آزاد نے پروفیشنل باکسنگ کیلئے ایکٹیویٹیڈ کی پروموشن کو ملتان کی تاریخ میں ایک زبردست پروموشن قرار دیا، مقابلوں کے فول پروف اور غیر جانبدارانہ منصفانہ فیصلوں کو یقینی بنانے کے حوالے سے پاکستان باکسنگ کونسل کی حکمت عملی بارے کلیم احمد آزاد نے بتایا کہ ایکٹیویٹیڈ پروفیشنل باکسنگ ایونٹ کیلئے کراچی، لاہور، پشاور، جھنگ اور جہانیاں سے تعلق رکھنے والے کوالیفائیڈ آفیشلز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
پاکستان باکسنگ کونسل کی پروفیشنل باکسنگ کی پروموشن کیلئے خدمات بارے کلیم احمد آزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی چھ سالہ پروفیشنل باکسنگ تاریخ میں ملتان میں 29اکتوبر کی شام کو ساڑھے سات بجے شیڈول ایکٹیویٹڈ پر باکسنگ ایونٹ پاکستان باکسنگ کونسل کا 52واں پرو باکسنگ مقابلہ ہو گا جو نہ صرف ملتان بلکہ اہلیان جنوبی پنجاب کیلئے بھی اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کھیلوں خاص کر مارشل آرٹ کے شائقین کو سپورٹس کمپلیکس ملتان جمنیزیم آنے اور ایکٹیویٹیڈ پروفیشنل باکسنگ مقابلے براہ راست دیکھنے اور لطف اندوز ہونے کی دعوت بھی دی۔











