ملتان۔31اکتوبر (اے پی پی):ویمن یونیورسٹی ملتان میں خواتین میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی اور فنڈز ریزنگ کی تقریب منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی تھیں ۔اس تقریب کا انعقاد ڈائریکٹرسٹوڈنٹ افیئرز کی زیر نگرانی کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرعدیلہ سعید نے کہا کہ دنیا بھرمیں ہرسال اکتوبرکا مہینہ دنیا بھرمیں چھاتی کے کینسر سےآگاہی کے مہینے کے طورپرمنایاجاتا ہے۔اس مہم کا مقصد لوگوں کو چھاتی کےکینسرکی ابتدائی اسکر یننگ، پتہ لگانے اورعلاج کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق چھاتی کا کینسردنیا بھرمیں خواتین میں سب سے زیادہ عام کینسر ہے کم علمی جہالت، دقیانوسی تصورات اور غلط فہمیوں جیسے عوامل کی وجہ سے چھاتی کے کینسر کے کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے لیکن پھر بھی اس بارے میں آگاہی بہت کم ہے کسی کو پتہ نہیں ہوتا کہ وہ چھاتی کے کینسر کی علامات کا سامنا کر رہی ہے انہوں نے چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص کے لیے باقاعدہ طبی معائنہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔











