خیرپور، 29اکتوبر(اے پی پی): خیر پور میں آنکھوں کے اسپتال کا افتتاح کردیا گیا ۔سندھ حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے خیرپور میڈیکل کالج ٹیچنگ اسپتال میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ، رکن سندھ اسمبلی منور وسان، پارلیمانی سیکرٹری ہیلتھ قاسم سومرو اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف آفتھلمالوجی اینڈ ویژیل سائنسزحیدرآباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹرسجاد علی سرہیو نے آنکھوں کے اسپتال کا افتتاح کیا۔
آنکھوں کے اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ سندھ حکومت اور محکمہ صحت صوبے کی عوام کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور برسات متاثرین کو بیماریوں سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے انہوں نے کہا کہ یہ آنکھوں کا اسپتال خیرپور اور گردونواح کے عوام کے لیے تحفہ ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ یہ ڈویژن سطح کا اسپتال ہے جبکہ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے ہر ضلع میں ایسے اسپتال قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسپتال کے قیام کا مقصد عوام کو آنکھوں کی تکالیف، آپریشن، ادویات کی فراہمی کے ساتھ کے ایم سی کالج میں تعلیم حاصل کرنے والوں کو مزید سیکھنے کے مواقع اور اپنی صلاحتیوں میں مزید اضافہ کرنا ہے۔
تقریب سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت شہید رانی بینظیر بھٹو کے ویژن کو عملہ جامہ پہنارہی ہے، خیرپور میں میڈیکل کالج، انجینئرنگ یونیورسٹیز، ایگریکلچر کالج، آئی ٹی ایمرجنگ کالج، این آئی سی وی ڈی اسپتال سمیت دیگر اداروں کاقیام سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ مرہون منت ہے جس پر ان کو ہم سب خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔











