صوبہ پنجاب پر سیلاب کے بعدملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے؛ ڈاکٹر اقرار احمد خان

9

اوکاڑہ،31اکتوبر(اے پی پی ):وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا ہے کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور محکمہ زراعت توسیع کا اشتراک زرعی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو گا،صوبہ پنجاب پر اس تاریخی سیلاب کے بعدملکی غذائی ضروریات  پوری کرنے کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے،گندم اور مکئی کا آٹا ملا کر کھانے سے گندم کی کھپت میں کمی کی جا سکتی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نےگوگیرہ  میں قومی پروگرام برائے گندم کی پیداوار میں بڑھوتری 23-2022 “فامرمیگا گیدرنگ گندم اگاؤ آگاہی مہم” کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ غذائی استحکام ہی ملکی استحکام کی ضمانت ہے۔

ڈائریکٹر  زراعت توسیع ساہیوال ڈویژن   چوہدری محمد شہباز اخترنے کہا کہ نوجوانوں نے کسانوں کو گھر گھرجا کر گندم  اگاؤ مہم کی آگاہی دے  کے نئی روح پھونک دی ہے۔دیپالپور کیمپس اوکاڑہ کے پرنسپل ڈاکٹر طارق عزیز نے  کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دیپالپور کیمپس ساہیوال ڈویژن کی گندم اگاؤمہم میں محکمہ زراعت توسیع کے شانہ بشانہ کسان خدمت میں مصروف ہے۔

پوٹیٹو گروئر ایسوسیشن پاکستان کے صدر مقصود احمد جٹ نے زرعی یونیورسٹی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت توسیع اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد  کا ایک پیج پر ہو کر گندم مہم چلانا قابل تقلید و ستائش ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع راؤ محمد ریاض انجم نے سموگ کے باری میں آگائی پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا۔زراعت آفیسر توسیع مرکز گوگیرہ  رانا محمد عمر نے  گندم  کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے شرکا کو آگاہ کیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع، چوہدری محمد اعجاز اور رائے محمد سلیم نے بھی اس موقع پر شرکاء سے خطاب کیا۔پروگرام میں  ڈین فیکیلٹی آف  زراعت ڈاکٹر سرور احمد خان،ڈاکٹر مظہر حسین رانجھا ، ڈاکٹر مسعود اقبال اعوان ، ڈاکٹر طارق مصطفی ڈاکٹر شعیب الرحمن ، ڈاکٹر احمد رضا،ڈاکٹر تنویر، ڈاکٹر خالد نوید، ڈاکٹر سدرہ اقبال،رانا وحید احمد خاں بھی موجود تھے۔پروگرام میں مرکز گوگیرہ سے کسانوں کی کثیر تعداد کے علاوہ، میڈیا پرسن،سول سوسائٹی، اساتذہ، طلبا ،تاجران اور علاقے کے معززین نے بھرپور شرکت کی۔پروگرام کے اختتام پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔