اسلام آباد،29اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی وعوامی امور وقومی ورثہ انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ ایک مخصوص سیاسی گروہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس سے عالمی سطح پرپاکستان کاامیج خراب ہورہا ہے جبکہ دوسری طرف لوگ یہاں یورپی یونین کا تہوار منا رہے ہیں، بہت جلد جھوٹ کی سیاست کا خاتمہ ہو گا اور گمراہ کرنے والے بے نقاب ہو جائیں گے۔
ان خیالا ت کا اظہارنیشنل کونسل آف دی آرٹس میں منعقدہ یوروویلج فیسٹول کی تقریب میں شرکت کے موقع پرصحافیوں سے گفتگوکرتےہوئے کیا۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےان کاکہناتھاکہ یورو ولیج فیسٹیول پاکستان اور یورپی یونین اورعوام کےمابین تعلقات اور رابطوں کےفروغ کا ذریعہ ہے،معیشت کے ابھرتے ہوئے رجحانات اور قیام امن کے اقدامات میں ثقافت کی اہمیت مسلمہ ہے،انہوں نے کہا کہ اس میلے کا انعقاد کووڈ- 19 کے تین برس بعد کیا گیا ۔ 1962 میں شروع ہونے کے بعد سے آج پاک-یورپی یونین پارٹنرشپ کا 60 واں سال ہے۔یورپی یونین اور پاکستان دو ایسے دوست ہیں جو اعتماد، تعاون اور امن کے مشترکہ ایجنڈے پر مبنی طویل مدتی تعلقات اور بنی نوع انسان کی بھلائی پریقین رکھتے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی وعوامی امور وقومی ورثہ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مستقبل میں شراکت داروں کے درمیان تعلقات کی مزید جہتیں سامنے آئیں گی۔ یورپی یونین کا کردار ہمیشہ مذاکرات میں ایک پارٹنر کا رہا ہے، جس سے پاکستان کو اپنا راستہ تلاش کرنے اور جمہوری استحکام کے لیے اپنا فارمولہ وضع کرنے کی اجازت ملتی ہے۔انہوں نے یورپی یونین کو یقین دلایا کہ پاکستان ایک متحرک جمہوریت ہے جو انسانی حقوق کی فراہمی کے لیےپرعزم ہےیہاں نوجوا ن اورخواتین سول سوسائٹی میں کلیدی کرداراداکرتے ہیں،پاکستان وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں عوام اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ حقیقی جمہوریت کے فروغ میں مدد کرنے والے اپنے وعدوں کی پاسداری کرے گا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کو ترقی اور تعاون کے لیے سالانہ تقریباً 100 ملین یورو گرانٹ فراہم کرتی ہے،دیگر مسائل کے علاوہ، یورپی یونین غربت سے نمٹنے، تعلیم میں اضافے، گڈ گورننس، انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور قدرتی وسائل کے پائیدار انتظام کو یقینی بنانے کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کرتی ہے۔ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی بنیادشراکت داری کے اصول پر ہے۔اس کے تحت تعاون کے شعبوں میں امن و سلامتی، جمہوریت، قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق‘توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور سائنس و ٹیکنالوجی جیسے شعبے شامل ہیں۔
اس موقع پروزیر اعظم کی معاون خصوصی برائےایس ڈی جیز رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ کوویڈ- 19 کی وبا اور اب تک کے بدترین سیلاب کی صورتحال پرپاکستانی قوم یورپی یونین کا شکریہ ادا کرتی ہے اور اس کا تعاون قابل ذکر ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ثقافتی سرگرمیوں کوفروغ دینے کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر، ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا کہ ہم یورپ میں موجود متنوع ثقافتوں، زبانوں، مذاہب، تاریخوں اور شناختوں کی قدر کرتے ہیں، یہ ہماری دولت کا حصہ ہیں اور ہماری مشترکہ اقدار کو تشکیل دیتے ہیں۔
مختلف خاندانوں اورنوجوانوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے “یورو ولیج” کا دورہ کیا۔ یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس میلے نے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے رہائشیوں کو یورپی ثقافت اور ورثے، موسیقی اور کھانے پینے کی اشیاسے لطف اندوز ہونے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا۔











