ملتان؛ گورنمنٹ ٹاؤن ہسپتال نیوملتان میں نئے آپریشن تھیٹر کا افتتاح کردیا گیا

23

ملتان،29اکتوبر(اے پی پی ): نیوملتان اور شاہ رکن عالم کالونی کے باسیوں کیلئے خوشخبری،گورنمنٹ ٹاؤن ہسپتال نیوملتان میں نئے آپریشن تھیٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ آپریشن تھیٹر کا افتتاح صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک نے کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ گورنمنٹ ٹاؤن ہسپتال میں ایوننگ شفٹ کا بھی آغاز کردیا گیا ہے جب کہ سرجری کا عمل بھی جلد شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ حکومت پنجاب نے عوام کیلئے صحت کی سہولیات فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں،تمام ہسپتالوں،بنیادی مراکز صحت میں معیاری ادویات فراہم کررہے ہیں،ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کے ساتھ شکایات سیل بھی بنائے گئے ہیں،عوامی شکایات کے حل کیلئے پوری انتظامیہ متحرک ہو جاتی ہے،شکایات سیل میں افسران کے نمبرز بھی عوام کو فراہم کئے گئے ہیں۔

ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ میں اپنے ہوم ڈسٹرکٹ کے تمام ہیلتھ سنٹرز کو اپ گریڈ کروا رہا ہوں،90مزید ہیلتھ مراکز میں سکیورٹی سٹاف تعینات کررہے ہیں،ملتان کے تمام ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز بھی مہیا کئے جائیں گے،108بی ایچ یوز کی اپ گریڈیشن پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔

اس دوران صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے ٹاؤن ہسپتال کے نئے آپریشن تھیٹر کے مختلف وارڈز کا معائنہ بھی کیا۔ایم پی اے جاوید اختر انصاری نے افتتاحی تقریب میں ملکی سالمیت و استحکام کیلئے دعا بھی کرائی۔

اس موقع پر ایم پی اے جاوید اختر انصاری،سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر اقبال،سی ای او ڈاکٹر غلام یسین،ڈاکٹر مسعود ہراج، ایس ایم او ڈاکٹر وحید ودیگر بھی  انکے ہمراہ تھے۔