نارووال،10 اکتوبر( اے پی پی): ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر)شعیب علی کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ سموگ کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنرنارووال نے محکمہ ماحولیات سمیت زراعت،انڈسٹریز،ٹریفک پولیس اور سیکرٹری آر ٹی اے کے افسران کو سموگ کاباعث بننے والے عناصر اور اس کے تدارک کے حوالے سے اقدامات کاجائزہ لیا اور متعلقہ افسران کوضروری ہدایات جاری کیں۔
اے ڈی ماحولیات نےڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر)شعیب علی کوبتایاکہ ضلع میں انسداد سموگ مہم کااغازکردیا گیا ہے، اس حوالے سےمحکمہ ماحولیات کی خصوصی ٹیم شہرکے مختلف علاقوں میں بھٹہ خشت کے معائنے کر رہی ہے اورزیگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹہ خشت جات کونوٹس جاری کئے جارہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنرنارووال نے کہاکہ ماحول کو صاف کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کوشاں ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ بغیرزیگ ٹیکنالوجی والے بھٹہ خشت جو ماحول کو آلودہ کررہے ہیں ان کے خلاف کڑی کارروائی عمل میں لائی جائےاس کے ساتھ ساتھ تمام بھٹہ خشت مالکان ودیگرحکومتی احکامات کی روشنی کے تحت جاری کردہ ایس اوپیز پر عمل درآمدکویقینی بنائیں،اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ر)محمدخالد،اسسٹنٹ کمشنرڈاکٹرارشدوٹو،اسسٹنٹ ڈائریکٹرماحولیات محمداشرف کے علاوہ دیگرممبران کمیٹی نے شرکت کی۔











